نئی دہلی، 23جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے25بچوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوںسال 2016کے قومی بہادری ایوارڈ سے نوازا گیا اور اُن کی تہنیت کرتے ہوئے مزید بہادی کے کام کرنے کی ترغیب دی گئی ۔ان 25بچوں میں 13لڑکے اور 12لڑکیاں شامل ہیں۔ اعزاز سےنوازے جانے کے بعد یہ بچے 26جنوری کو ہونے والی یوم جمہوریہ کے پریڈ میں شامل ہوں گے۔اس میں 4بچوں کو بعد از مرگ ایوارڈ دیا گیا ہے۔اعزاز حاصل کرنے والے بچوں میں کیرالہ سے 4، دہلی سے 3، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ کے دو دو بچے شامل ہیں۔وہیں اتر پردیش، مہاراشٹر، منی پور، آسام، ہماچل پردیش، ناگالینڈ، اتراکھنڈ، راجستھان، اڑیسہ اور کرناٹک سے 1-1بچے شامل ہیں۔وہیں بعد از مرگ نوازے جانے والے چار بچوں میں سے میزورم سے 2، اروناچل اور جموں سے 1-1بچے شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بچوں سے کہا کہ آپ سب اتنے دنوں سے ایک ساتھ گھوم رہے ہیں، یہ موقع آپ سب کی دوستی بڑھانے کا ہے۔آپ سب کو زندگی کو ایک مقصد کے لئے جینا چاہئے۔مودی نے کہا کہ اگر ہمیں ایک بہترین ہندوستان کا خواب پورا کرنا ہے تو سب کو ہر کونے کو جاننا اور سمجھنا ہوگا۔مودی نے بچوں سے کہا کہ کرشمہ سے آپ کے ماں باپ کا بھی احترام بڑھا ہے، مودی بولے کہ لوگ اس کرشمہ کے بارے میں اس وقت تک آپ سے پوچھیں گے جب تک آپ دوسرا کرشمہ نہیں کریں گے۔مودی نے بچوں سے کہا کہ آپ سب کو عظیم لوگوں کی سوانح عمری کو پڑھنا چاہئے اس سے آپ سب کو ترغیب ملے گی۔